بنگلورو،16؍جون(ایس او نیوز) بنگلور میٹروریل پراجکٹ کا پہلا مرحلہ جو 42کلومیٹر پر مشتمل ہے، صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی قوم کے نام معنون کریں گے۔ پہلے حصہ کے بارہ کلومیٹر پر مشتمل گرین لائن پر کل سے باضابطہ میٹرو ریل خدمات شروع ہوجائیں گی۔ جس کے ساتھ ہی شہر کی چہار جانب میٹرو خدمات دستیاب رہیں گی۔ 42.3کلومیٹر پر مشتمل ناگسندرا یلچن ہلی اور 24کلومیٹر پر مشتمل ایک اور لائن پر خدمات کو صدر ہند پرنب مکھرجی ہری جھنڈی دکھائیں گے۔موجودہ میسور روڈ اور بیپنا ہلی مشرق مغرب کاریڈور پر مشتمل 18کلومیٹر طویل لائن پر خدمات جاری ہیں۔ کل باضابطہ شمال جنوب لائن کے افتتاح کے بعد 20جون سے عوام کیلئے یہ خدمات دستیاب رہیں گی ۔ اپریل 2017میں اس پراجکٹ کو مکمل کرلیا گیاتھا تاہم محکمۂ ریلویز کی طرف سے حفاظتی سند کا انتظار تھا۔ اب گزشتہ ہفتہ محکمۂ ریلویز نے اسے حفاظتی منظوری بھی دے دی ہے۔ یہ گرین لائن جو ناگسندرا سے شروع ہوتی ہے اس پر آنے والے اسٹیشنوں میں داسر ہلی ، جالہلی ، پینیا، یشونت پور، مہالکشمی پورہ، راجہ جی نگر، کوئمپو روڈ، سمپیگے روڈ، کیمپے گوڈا میٹرو ریلوے اسٹیشن ( میجسٹک ) چک پیٹ، کے آر مارکیٹ ، لال باغ، ساؤتھ اینڈ سرکل ، جئے نگر، بنشنکری، جے پی نگر ، اور یلچن ہلی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سدرامیا نے کل وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج ، کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ اور دیگر کے ہمراہ میجسٹک ، کے آر مارکیٹ، آر وی روڈ اور دیگر اسٹیشنوں کا میٹرو ٹرین میں سفر کرکے معائنہ کیا۔ کل توقع ہے کہ میٹرو ٹرین کا افتتاح کرنے کے بعد صدر جمہوریہ بھی اہم شخصیات کے ساتھ اس ٹرین میں سفر کریں گے۔